اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور پارٹی کا صوبائی صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔
سابق صوبائی صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر اور دیگر لیگی صوبائی رہنماﺅں نے تائید کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، نواب اسلم رئیسانی کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ بلوچستان سے دیگر کئی اہم شخصیات کی بھی (ن) لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواب اسلم رئیسانی کی (ن) لیگ میں شمولیت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ (ن) لیگ کی قیادت نے سگنل دیدیا ہے۔ نواب اسلم رئیسانی کے والد نواب غوث بخش رئیسانی کے نواز شریف، شہباز شریف کے والد میاں شریف مرحوم کیساتھ دوستانہ اور ذاتی تعلقات تھے جبکہ زمانہ طالب علمی کے دوران شہباز شریف اور اسلم رئیسانی کے درمیان بھی دوستی رہی ہے۔
ثناء اللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ کے پارٹی چھوڑنے پر (ن) لیگ نے بلوچستان سے بڑے نام کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اسی تناظر میں (ق) لیگ کے رہنما سینیٹر جعفر مندوخیل کو پارٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم انہیں صوبائی صدر بنائے جانے کے بارے میں پارٹی کے عہدیداروں کے اعتراضات موجود ہیں جس کے باعث نواب اسلم رئیسانی کو (ن) لیگ میں شامل کیا جا رہا ہے جنہیں پارٹی میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔
معروضی حالات کے تحت پشتون جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کیساتھ صدر بلوچ ہوگا۔ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے یہی فارمولا چلا آ رہا ہے۔ صدر، جنرل سیکرٹری میں سے ایک پشتون، ایک بلوچ ہوتا ہے۔ اسی بنیاد پر بلوچ قبیلہ سے نواب اسلم رئیسانی کو (ن) لیگ میں شامل کیا جائے گا۔
راحیلہ درانی بھی صوبائی صدارت کی مضبوط امیدوار ہیں۔ (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت نے سردار یعقوب خان ناصر کو پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے خراب صحت کے باعث معذرت کر لی۔