بہاولنگر:(دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر میں دل کے مریضوں کے لیے جدید کارڈیک وارڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ یہاں بھی اسٹنٹ ڈالنے کی سہولت کی منظوری پر جلد عملی کام شروع ہوگا،مریضوں کو اپنے ہی شہر میں جدید دل کا علاج میسر آئے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہتر علاج کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ادویات کی دستیابی، صفائی اور ڈاکٹرز کی حاضری کا جائزہ لیا گیا، پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو کو جدید طبی آلات فراہم کیے جا رہے ہیں، دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بھی بڑے شہروں جیسے علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، مریضوں کی ادویات کی کمی کی نشاندہی پر اُنہوں نے فوری اصلاح کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب خواجہ عمران نذیر کو ہسپتال انتظامیہ نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جس پر اُن کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت کے شعبے میں واضح بہتری نظر آئے گی۔



