خیبر پختونخوا میں صحت کی سہولیات کی فعالیت کا جائزہ لینے کا فیصلہ

Published On 10 December,2025 12:38 pm

پشاور: (ذیشان کاکا خیل) خیبر پختونخوا میں صحت کی سہولیات کی فعالیت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس سلسلے میں ڈی ایچ او چارسدہ کے افسر کو صوبے کے تمام اضلاع کا انسپکشن ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

سرکاری مراسلے کے مطابق صوبے بھر میں ملازمین کے اندراج اور بائیومیٹرک ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے گی، پہلے مرحلے میں نوشہرہ، مردان اور پشاور کے دورے کیے جائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں ملاکنڈ، دیر لوئر اور سوات میں بھی معائنے کیلئے دوروں کا شیڈول طے پایا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صحت کے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو انسپکشن ٹیم کو بروقت معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کا مرحلہ وار جامع معائنہ کیا جائے گا جبکہ انسپکشن ٹیم کو تمام سرکاری ریکارڈ اور سہولیات تک مکمل رسائی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔