لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت جو مرضی کرلے لاہور کا جلسہ ہوگا اور ضرور ہوگا، حکمرانوں کا جانا ضروری، یہ جمہوری نہیں فاشسٹ حکومت ہے۔
رانا ثناء اللہ نے قمر زمان کائرہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملتان میں جلسہ روکنے کی کوشش کی، اس کے باوجود جلسہ ہوا، لوگ نااہل ٹولے کیخلاف عدم اعتماد کا اظہار کریں گے، جلسہ ہر قیمت پر ہوگا، پورے پنجاب اور پاکستان سے لوگ موجود ہوں گے، ملک میں 70 سال سے جاری تابعداری کرانے کا عمل اب مزید نہیں چلے گا، 13 دسمبر کو پر امن طریقے سے عوام کو رائے کے اظہار کا موقع دیا جائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا عوام حکومت سے تنگ ہیں، جلسے سے متعلق کمیٹیاں بنائی ہیں، حیرت ہے وزیراعظم کا کونسا بیان ٹھیک ہے، کرسیاں اور انتظام کرنیوالوں کیخلاف مقدمات کی بات ہوئی، ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں جلسے کی اجازت نہیں ہوگی، وزیراعظم کہتے ہیں جلسے والوں کو نہیں روکا جائے گا، لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا، استعفوں کے بیان پر قائم ہیں، جب پی ڈی ایم رہنما مناسب سمجھیں گے استعفیٰ دیں گے۔