میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے معائنے اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ممکن ہوں گے

Published On 09 December,2025 07:44 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے معائنے اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ Digi-Inspect ‘ کے ذریعے ہوں گے۔

صدر پی ایم اینڈ ڈی سی کا کہنا تھا کہ قومی انسپکٹر پائلٹ ٹریننگ پروگرام اسلام آباد میں شروع کیا گیا ہے، تین روزہ تربیت معیاری اور شفاف منظوری عمل کی جانب بڑا قدم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تربیت کے شرکا نے  وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی معاونت اور رہنمائی کو پی ایم اینڈ ڈی سی صدر کا خراجِ تحسین پیش کیا۔

جب کہ ملک بھر سے 60 ماہرین تربیت میں شریک تھے ، تربیت کے دوران نئے پروفارما 350 کا عملی استعمال کیا گیا، دس ملٹی ڈسپلنری ٹیموں کی مختلف کالجز میں ڈیجیٹل مشقی انسپیکشن کرائی گئی۔

صدر پی ایم اینڈ ڈی سی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل انسپیکشن پائلٹ فیز مستقبل کی منظوری کے عمل کو جدید بنائے گا، تربیتی سیشن میں بیسک اور کلینکل سائنسز، میڈیکل ایجوکیشن، انجینئرنگ کے ماہرین شریک ہیں،پروگرام کی نگرانی دس تجربہ کار فیسلیٹیٹرز کر رہے ہیں۔

اِسی طرح پروگرام میں کالجز کے دورے، ڈیجیٹل رپورٹنگ اور عملی مشقیں شامل ہیں،نتائج کی بنیاد پر ملک گیر ڈیجیٹل انسپیکشن رول آؤٹ کی سفارشات تیار کی جائیں گی،ٹریننگ کے بعد کراچی، لاہور، بلوچستان، کے پی کے اور دیگر ریجنز میں مزید ٹریننگ کی جائے گی۔

صدر پی ایم ڈی سی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی میڈیکل و ڈینٹل ایجوکیشن کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔