لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی حفاظت میں ناکام اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں، تیرہ دسمبر کا جلسہ آئینی بالا دستی کا فیصلہ کرے گا۔
لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وزرات عظمیٰ کی نہیں بلکہ آئین کی سربلندی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی صاحبزادی بھی آپ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ آئین کی بحالی اور قانون کی بالا دستی کا 13 دسمبر کو لاہور میں فیصلہ ہوگا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو اسمبلیاں پاکستان کے آئین، قانون اور عوام کی حفاظت نہ کر سکیں، ان اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں، عوام 13 دسمبر کو 1940ء کی یاد تازہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف جلا وطنی میں ہیں اور لاہور کے بھائیوں، بیٹیوں سے وفا کی درخواست کر رہے ہیں۔ لاہور کے جلسے کی گونج پاکستان کے طول وعرض میں جانی چاہیے۔ آج آپ کے ووٹ کی عزت کا معاملہ ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنا بیانیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے وہ بیان دیا جو 73 سالہ تاریخ میں کوئی نہ کر سکا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج گھر گھر مہنگائی کا رونا ہے۔ آپ کی مشکلات کی وجہ آئین سے انحراف ہے۔ ہمارا اختلاف اس سوچ سے ہے جو ووٹ کو چوری کرتی ہے۔ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر آپ نے ثابت کرنا ہے کہ لاہور جاگ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج جب قربانی کی باری آئی تو نواز شریف سب سے پہلے جیل میں گئے لیکن حکمران تمام سرکاری مشینری کے استعمال کے باوجود ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے۔ ہم نے ووٹ کو عزت دو کی بات کرنی ہے۔ جو الیکشن چوری ہوا، یہ مہنگائی اس کی وجہ سے ہے۔