فیصل آباد: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ورکرز کنونشن پر امن طور پر کیا جائے گا، انتظامیہ بے جا کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کر رہی ہے، ایسے اقدامات نہ کریں جس سے حالات خرابی کی طرف جائیں، حکومت سیاسی مقدمات درج کرنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں، وہ علاج مکمل ہونے پر پاکستان آئیں گے، نواز شریف کو مشورہ دیا کہ اپنا اور اس نااہل ٹولے کا بھی علاج کریں، شہباز شریف کے 15 روزہ پرول کی درخواست کی تھی، حکومت نے پرول کے معاملے پر انسانیت سوز اقدام کیا، حکومت نے گرفتاریاں کیں تو اس کے اثرات گہرے ہوں گے۔
ادھر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عوام ووٹ چوروں کو گھر بھیجیں گے، 13 دسمبر کو حکومت کو آخری دھکا دیں گے، عمران خان کو ایک بات سمجھ آگئی ہے کہ یہ عوامی تحریک ہے، بہتر ہے آپ 13 دسمبر سے پہلے استعفی دے دیں، مافیا کے گھر جانے کا وقت ہو گیا ہے، اس وقت ملک پر مافیا کا قبضہ ہے۔