صاف شفاف الیکشن کروائے جائیں، جو بھی رزلٹ ہوگا، ہم تسلیم کریں گے: رانا ثناء اللہ

Published On 13 November,2020 05:58 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ووٹ کی عزت، عوام کے فیصلے کو اہمیت دی جائے، صاف شفاف الیکشن کروائے جائیں، جو بھی رزلٹ ہوگا، ہم تسلیم کریں گے۔ سٹیبلشمنٹ سے یہ ہی بات کرنی ہے کہ آپ مداخلت نہ کریں۔ گلگت بلتستان میں پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے خود میاں نواز شریف کو اجازت دے کر علاج کے لیے بیرون ملک بھجوایا۔ ان کے ترجمانوں کا کام صرف دوسروں کو گالیاں دینا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے جس طرح مریم نواز، مسلم لیگ (ن) اور ووٹ کو عزت کے بیانیے کو مضبوط کیا ہے، نواز شریف اپنا علاج کروا کر بالکل واپس آئیں گے، اپنے علاج کے ساتھ وہ ان کا بھی علاج کریں گے۔

انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سالوں میں صرف عوام کا وقت ضائع کیا گیا۔ کہا گیا تھا کہ سو دن میں سب ٹھیک کر دیا جائے لیکن عوام کا جینا دوبھر کر دیا گیا۔ دو ہزارہ تیرہ اور اٹھارہ میں چینی کا ریٹ 53 روپے تھا، اب چینی کا ریٹ 100 سے اوپر ہے، یہ مافیا کی حکومت ہے۔
 

Advertisement