خیبر پختونخوا، سندھ اور گلگت بلتستان کے گورنر نے استعفیٰ دیدیا

Published On 11 April,2022 04:34 pm

کراچی،پشاور، گلگت:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا، سندھ اور گلگت بلتستان کے گورنرز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

گورنر سندھ نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا، عمران اسماعیل نے اپنے استعفیٰ میں شعر بھی لکھا اور کہا کہ اے طاہر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی، جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک ایسے شخص کے ماتحت کام نہیں کرسکتا جس پر کرپشن کے سنگین الزامات ہوں، لیٹر گیٹ پر تمام ریاستی ادارے نوٹس لینے میں ناکام رہے، میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ میں ایک ایسے شخص کے ساتھ کام کروں۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ قیادت کے ساتھ ملکر پاکستان کی خودمختاری کے حصول کیلئے جدوجہد کروں گا۔

ادھر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے استعفے پر دستخط کر دیئے ہیں اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بجھوا دیا ہے۔

 گلگت گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دیا۔

خیال رہے کہ راجا جلال حسین مقپون پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے مستعفی ہوتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ پارٹی کا فیصلہ ہے اس لیے دیا۔

Advertisement