کراچی، لاہور: ( دنیا نیوز ) صوبہ پنجاب اور سندھ سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اراکین کے استعفے آنا شروع ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے اراکین نے استعفیٰ دے دیئے، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کو تمام اراکین کے استعفیٰ موصول ہوگئے۔
اس حوالے سے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں موجود تمام 26 اراکین نے اپنے استعفے جمع کروادیے ہیں، چیئرمین عمران خان کی کال پر اراکین نے استعفے دیئے، قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی صورتحال سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خرم شیر زمان قائد جب حکم دیں گے استعفیٰ سندھ اسمبلی میں جمع کروادیں گے، یہ نشست عمران خان کی امانت ہے، ووٹ عمران خان کا تھا اور رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی تحریک انصاف کے اراکین نے استعفے دینا شروع کردئیے، محمد عامر اقبال شاہ ایم پی اے پی پی 224 دنیا پور نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔
عامر اقبال شاہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام استعفیٰ تحریر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔
اُدھر فیصل آباد پی پی 113 سے ممبر صوبائی اسمبلی میاں وارث عزیز نے اپنا استعفی عمران خان کو بھجوا دیا۔
انہوں نےکہا کہ میں آپ کے ٹکٹ پر ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوا تھا۔ استعفی آپ پر ایسی ہزاروں ایم۔پی۔اے شپ قربان کر دوں گا، استعفی پیش کرتا ہوں جب چاہیں منظور کر لیں۔