گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے کیس کے ملزم احسن نذیر کی ضمانت منظور کر لی۔
گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس کی سماعت کی، عدالت نے ملزمان احسن نذیر اور وقاص کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ سنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرآباد فائرنگ: عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی تبدیل
انسداد دہشتگردی عدات نے ملزم احسن نذیر کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جبکہ مقدمے میں گرفتار ملزم وقاص کی درخواستِ ضمانت خارج کر دی۔
واضح رہے کہ ضمانت حاصل کرنے والا ملزم احسن نذیر ن لیگ کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات مدثر نذیر کا بھائی ہے، احسن نذیر کو جے آئی ٹی نے اس لیے گرفتار کیا تھا کہ عمران خان پر حملے کے روز احسن نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی۔
پولیس کے مطابق مذکورہ پوسٹ کو بعد میں ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا، جس میں احسن نے لکھا تھا کہ آج کچھ بڑا ہونے والا ہے۔