لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دیدی۔
آئی جی ریلوے راؤ سردار علی خان کو جے آئی ٹی کا کنونیئر مقرر کر دیا گیا، آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی کے نمائندے بھی جے آئی ٹی میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے ملزم نوید کے وکیل کے اعتراضات پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی ریلوے راؤ سردار علی خان جے آئی ٹی کے کنونیئر ہوں گے، ڈی آئی جی پنجاب پولیس کامران عادل، آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت چار بار ٹیم میں تبدیلی کرچکی ہے، تفتیش کرنے والی ٹیم کے چار ارکان نے غلام محمود ڈوگر سے اختلاف کیا تھا جس پر انہیں بھی بدل دیا گیا تھا، ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے وفاقی و صوبائی محکمہ داخلہ میں تفتیش پر اعتراضات دائر کیے تھے۔