لاہور: (دنیا نیوز) وزیر آباد میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کی جانب سے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر پر اعتراضات کے بعد محکمہ داخلہ نے جے آئی ٹی کے ارکان کو ہی تبدیل کر دیا گیا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں عمران خان پر حملے کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی میں نئے ارکانِ کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق جے آئی ٹی کے نئے ارکان میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد اکمل، ایس پی انجم کمال، ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز بھی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی محکمے کے چوتھے رکن کی تقرری کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد ہے، نئے ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن 14 جنوری کو جاری کیا گیا۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ پرانی جے آئی ٹی میں اختلافات سامنے آنے پر نئے ارکان کی تقرری کی گئی، پرانے ارکان نے جے آئی ٹی سربراہ کی تفتیش اور طریقہ کار پراعترضات کیے تھے، سابق ممبران نے غلام محمود ڈوگر پر سیاسی بنیادوں پر تفتیش کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔