کورونا پھیلنےکا خطرہ:برطانیہ سے آنیوالے مسافروں کےپاکستان داخلےپرپابندی عائد

Published On 21 December,2020 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پابندی کا اطلاق 22 اور 23 دسمبر کی درمیانی رات سے شروع ہوگا۔ برطانیہ سے آنیوالے مسافروں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی کا اطلاق ابتدائی طور پر 29 دسمبر تک نافذ العمل رہے گی۔

ایسے مسافر جو ٹرانزٹ پر ہوں اور برطانوی ائیرپورٹ پر نہ اترے ہوں، وہ پاکستان آ سکیں گے۔ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو منفی ٹیسٹ رپورٹ کیساتھ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔

پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافر سفر سے 72 گھنٹے پہلے کورونا منفی ہونے کی ٹیسٹ رپورٹ لے کر آئیں۔ برطانیہ سے آنیوالے پاکستانی مسافروں کا ائیرپورٹ پر پی سی آر کورونا ٹیسٹ کیا جائیگا۔

کورونا پی سی آر ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے تک مسافروں کو سرکاری طور پر قرنطینہ میں رکھا جائیگا۔ کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد بھی مسافروں کو 7 دنوں تک زبردستی ان کے گھروں میں قرنطینہ کیا جائیگا۔

گزشتہ سات دنوں کے دوران برطانیہ سے آنیوالے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کیا جائیگا۔ اس پابندی کا فیصلہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں کیا گیا تھا۔
 

Advertisement