اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمٹ کے کام میں مداخلت نہ کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسئلہ سیاسی حکومت کا نہیں بلکہ اداروں کے کام کرنے کا ہے۔ کوئی دن ایسا نہیں جب نیب کے حوالے سے کال موصول نہ ہوئی ہو۔ احتساب بیورو بدعنوانی روکنے کے لیے بنا، نجی کاروبار میں مداخلت کے لیے نہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں ڈیڑھ سال سے چیئرمین سینیٹ کو لکھ رہا ہوں، وہ خود ہی کمیٹی میں آئیں گے۔ یہ گرفتاری کی افواہ میڈیا نے اڑائی ہے۔ جانتا ہوں کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سینیٹ کمیٹی میں پیش ہونگے۔
انہوں نے مشیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر کیسے کہہ سکتے ہیں کہ میں سینیٹ کے فورم کو استعمال نہ کروں، کیا سڑکوں پر جا کر اظہار کروں۔ وہ ہوتے کون ہیں جو کہیں سینیٹ کا فورم استعمال نہ کروں۔ چیئرمین سینیٹ کو دوبارہ لیٹر لکھوں گا۔ سینیٹ اجلاس کی دوبارہ ریکوزیشن کروں گا، ابھی معاملہ ختم نہیں ہوا۔