گڑھی خدا بخش: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 13ویں برسی کے موقع پر جلسے کیلئے بلاول بھٹو، مریم نواز سمیت رہنما اسٹیج پر پہنچ گئے، پارٹی پرچم تھامے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی پنڈال میںموجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آج 13ویں برسی منائی جارہی ہے جس کے لئے گڑھی خدا بخش میں پہلی بار پیپلز پارٹی کے قائدین کے ساتھ پی ڈی ایم کے رہنما مریم نواز، عبد الغفور حیدری سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین عوام سے خطاب کریں گے۔
شہدا کے مزار اور جلسہ گاہ کو بینرزاور پارٹی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں کارکنان کے بیٹھنے کے لیےکیمپس لگاکر قالین بچھائے گئے ہیں ۔ مزار کےداخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے 7 ہزارپولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن میں خواتین کمانڈوز اور ٹریفک پولیس اہلکار شامل ہیں جلسے گاہ کی سی سی ٹی وی کیمراوں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
جلسہ گاہ میں مختلف محکموں اور پیپلز پارٹی کی جانب سے استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ برسی کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت مرکزی قیادت لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں۔