اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی توجہ ہٹانے کیلئے بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پاکستان کے خلاف جاری بھارتی پراپیگنڈے خصوصاً بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری ہائبرڈ وارفئیر کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد، وزیرِ مواصلات مراد سعید، معاون خصوصی ڈاکٹر معید پیرزادہ، فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد و دیگر شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت فالس فلیگ آپریشن کی غلطی نہ کرے، بھرپور جواب دیا جائے گا: وزیراعظم
اجلاس میں پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا کی جانب سے غلط معلومات اور منفی پراپیگنڈہ کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پراپیگنڈے کے مقصد نہ صرف عالمی توجہ ہٹانا ہے بلکہ ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ بھارتی میڈیا کے منفی پراپیگنڈے کو ناکام بنانے اور عوام میں بہتر شعور اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت سے متعلق ڈس انفو کے انکشافات سے پاکستانی موقف درست ثابت ہوا: وزیراعظم
عمران خان کا کہنا تھا کہ بے بنیاد اور من گھڑت مہم کا مقابلہ حقائق سے کیا جائے، عوام اور عالمی برادری کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ سامنے لایاجائے۔