بھارت فالس فلیگ آپریشن کی غلطی نہ کرے، بھرپور جواب دیا جائے گا: وزیراعظم

Published On 20 December,2020 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیا تو پاکستان کا مضبوط قومی جوابی ردعمل آئے گا۔ دشمن کو فالس فلیگ آپریشن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ہمسایہ ملک معاشی بدحالی، کسانوں کے احتجاج اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں ناکامی جیسے مسائل کا شکار ہے۔ عالمی برادری کو ایک بار پھر آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ خبردار کرتے ہیں کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ صرف رواں سال بھارت نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی 3 ہزار خلاف ورزیاں کیں۔ 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 276 معصوم شہری بھارتی اشتعال انگیزی کا نشانہ بنے۔ بھارت نےعالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر یو این کا نشان اور نیلا جھنڈا ہونے کے باوجود اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدام سے ظاہر ہو گیا ہے کہ ریاستی ذمہ داری کو مکمل نظر انداز، عالمی قوانین، اقوام متحدہ کا احترام نہ کرنا ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان بھارت کے اس جابرانہ رویے کی شدید مذمت کرتا ہے۔







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے