مریم نواز چاند پر تھوکنے کی کوشش کر رہی ہیں: فردوس عاشق اعوان

مریم نواز چاند پر تھوکنے کی کوشش کر رہی ہیں: فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بہاولپور کے عوام (ن) لیگ سے نظر انداز کرنے کا حساب مانگ رہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کو ساتھ کھڑا کرکے مریم کس منہ سے انصاف کی بات کرتی ہیں۔ وہ دعوے نہیں بلکہ اب استعفوں پر عمل کریں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سرٹیفائیڈ جعلساز اب وزیراعظم اور اسمبلیوں کو جعلی کہہ رہے ہیں۔ فضل الرحمن کو کشمیر پر بات کرتے ہوئے کوئی شرم بھی نہیں آتی۔ انہوں نے حکومت کے خلاف مذہب کے کارڈ استعمال کی مذموم حرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مدرسوں کے طلبہ کو اسلام کے نام پر حکومت کے خلاف مشتعل کیا گیا۔ مدارس کے بچوں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا سفاکی اور ملک سے غداری ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے بہاولپور ریلی میں مدرسوں کے طالبعلموں کو لا کر سیاسی سپاٹ فکسنگ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا دھونس، جبر اور اپنے مدارس کے طالبعلموں کی طاقت کے استعمال کو ہی جمہوریت سمجھتے ہیں۔ ان کی سیاسی جلسے جلوسوں میں شرکت کو ثواب قرار دے کر اسلام کی کون سی خدمت کر رہے ہیں۔