کراچی: (دنیا نیوز) ضلع جنوبی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صدر میں 12 دکانوں پر 98 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کراچی میں کورونا ایس او پیز اور ٹائمنگ پر عملدرآمد کرانے کیلئے کارروائیاں کی گئیں۔ نیپئر کے علاقے میں سنو کرکلب اور 4 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد علی نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 409 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 90 ہزار 476 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 947 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 41 ہزار 393، سندھ میں 2 لاکھ 19 ہزار 452، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 729، بلوچستان میں 18 ہزار 254، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 870، اسلام آباد میں 38 ہزار 395 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 383 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 68 لاکھ 84 ہزار 940 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 73 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 44 ہزار 360 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 219 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 409 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 160، سندھ میں 3 ہزار 623، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 683، اسلام آباد میں 428، بلوچستان میں 185، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 229 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔