اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس اہم ملاقات میں پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک تھے۔ قومی قیادت کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال 24 دسمبر کو آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کی وزیراعظم سے اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان ملاقات میں قوم کے ساتھ مل کر مادر وطن کے بھرپور دفاع کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات، مادر وطن کے بھرپور دفاع کے عزم کا اعادہ
قومی قائدین کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال سمیت علاقائی اور خطہ کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جارجیت پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔