اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا، وادی کی صورتحال دنیا سے ڈھکی چھپی نہیں، نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم ناقابل بیان ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رابطہ گروپ کے سفرا اجلاس سے ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی پر امت مسلمہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں صورتحال عالمی برادری سے چھپی ہوئی نہیں ہے، 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات سے مقبوضہ خطہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، ہزاروں کشمیریوں کا کچھ اتہ پتہ نہیں کہ قابض بھارتی افواج نے انہیں کہاں قید کر رکھا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو جسمانی، سیاسی اور نفسیاتی طور پر کچلنے کیلئے بھارتی ظالمانہ مہم جاری ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 9 لاکھ فوج تعینات کی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ قابض افواج کی موجودگی والا خطہ بن چکا ہے، بھارت جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے، ہندوستان جموں و کشمیر کو مسلم اکثریتی آبادی سے ہندوتوا غالب خطے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے مزید کہا کہ آبادی کے تناسب میں تبدیلی عالمی قانون بشمول چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ایک بھرپور سیاسی و سفارتی مہم چلائی ہے۔