کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار، الیکشن ٹریبونل نے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے پر اعتراضات مسترد کر دیئے۔
سندھ ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل نے پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل کی فیصل واوڈا کیخلاف اپیل مسترد کر دی۔ الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔ وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈ نے کسی قسم کے حقائق نہیں چھپائے، انہوں نے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی، کاغذات پر اعتراضات خلاف قانون ہیں۔
وکیل رشید اے رضوی نے موقف اپنایا کہ فیصل واوڈا نے انتخابات کے بعد امریکی شہریت ترک کی وہ سینیٹ الیکشن کیلئے اہل نہیں، 2018 کے انتخابات میں فیصل واٶڈا نے امریکی شہریت کا ذکر نہیں کیا، یہ کہنا غلط ہے کہ فیصل واوڈا نے حقائق نہیں چھپائے۔ عدالت نے تمام اعتراضات مسترد کر کے فیصل واوڈا کو الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا۔