احسان اللہ احسان کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: ترجمان پاک فوج

Published On 24 February,2021 05:25 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کو دوبار گرفتار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل بابر افتخار نے یہ بات غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کو جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ سے دھمکی دی گئی تھی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ احسان اللہ احسان کا فرار ہو جانا ایک بہت سنگین معاملہ تھا، اس کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں۔ فرار کے ذمہ دار فوجیوں کیخلاف کارروائی ہو چکی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد پر بننے والے کمیشن نے بہت پیشرفت کی ہے۔ کمیشن میں 6 ہزار سے زائد مقدمات میں سے 4 ہزار حل کیے جا چکے ہیں، یہ معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ بلوچستان میں 11 کان کنوں کے قتل سے متعلق چند افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، یہ بہت اہم گرفتاریاں ہیں۔ بھارت، پاکستان مخالف شدت پسندوں کی مدد کر رہا ہے، اس کا علم افغان انٹیلی جنس کو بھی ہے۔ بھارت ان تنظیموں کو اسلحہ اور نئی ٹیکنالوجی سے بھی نواز رہا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان کی پالیسی ہمسایوں کے ساتھ امن کا ہاتھ بڑھانا ہے۔ آرمی چیف نے حالیہ بیان میں امن کا ہاتھ بڑھانے کی بات کی۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ مشرقی سرحد پر خطرے سے آگاہ نہیں ہیں بھارت کی تمام فوجی نقل وحرکت ہماری نظر میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سرحد پر باڑ لگانے اور افغان امن عمل میں مذاکرات بلا تعطل جاری رہنے چاہیں۔

 

Advertisement