اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسکہ ضمنی الیکشن کے حوالے سے درخواست پر جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے جواب میں ڈسکہ ضمنی انتخابات میں بد انتظامی کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد کر دی ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے سلیکٹڈ افسران تعینات کرکے انتخابات کو متنازعہ بنایا۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کے باوجود ذوالفقار ورک کو ڈی ایس پی ڈسکہ کی اضافی ذمہ داری دی گئی۔ انتخابی عمل کے دوران حکومتی عہدیدار، سیکیورٹی ایجنسیز اور سیاسی نمائندوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
ادھر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے بھی اپنے جواب عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا امن وامان کی صورتحال اور پولنگ سٹیشنز پر بدمزگی کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرانا غلط ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر جرمانہ عائد کرکے خارج کی جائے۔