پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے 9 اضلاع میں سکولز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ان اضلاع میں چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، ملاکنڈ، سوات، لوئر دیر شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وباء کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مارکیٹوں کی ممکنہ بندش سے متعلق کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی، کمیٹی میں تیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش شامل ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد ہے۔ ڈیرہ جات فیسٹیول اور جیپ ریلی منعقد کرنے کی مشروط اجازت دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیسٹیول کے شرکاء کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریںگے، ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر فیسٹیول کے پروگرامز بند کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ کورونا وباء پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، کورونا کی حالیہ لہر تشویشناک ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔