گزشتہ روز سب سے زیادہ 41 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی: اسد عمر

Published On 17 March,2021 12:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سب سے زیادہ 41 ہزار ویکسین لگوائی گئیں، ویکسینیشن میں روزانہ کی بنیاد پر سب سے زائد شرح تھی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 41 ہزار میں سے 28 ہزار 424 ویکسین بزرگ شہریوں نے لگوائی، ہر ایک کو جو 70 سے زیادہ ہے ویکسین کے لئے اندارج کروائے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 61 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 656 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 12 ہزار 315 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 351 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 89 ہزار 362، سندھ میں 2 لاکھ 61 ہزار 823، خیبر پختونخوا میں 76 ہزار 819، بلوچستان میں 19 ہزار 247، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 965، اسلام آباد میں 48 ہزار 938 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 161 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 96 لاکھ 3 ہزار 865 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 799 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 75 ہزار 867 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 978 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 61 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 656 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 853، سندھ میں 4 ہزار 468، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 179، اسلام آباد میں 529، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 322 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement