لاہور: (دنیا نیوز) کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیتے ہوئے لاہور میں ماسک نہ پہننے پر پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقوں اسلام پورہ، کریم پارک اور شاد باغ سے 30 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز دیکھتے ہوئے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دیدیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر سے مسلسل ہلاکتیں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اب تک مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 215 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 4 ہزار 767 افراد مہلک مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔