اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا کہ میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہو گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ جہانگیر خان ترین پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو جائیں گے جس پر پی ٹی آئی رہنما کا رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
انہوں نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پی پی قیادت سے ملاقات اور شمولیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہو گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود نے بھی رد عمل دیتے جہانگیر ترین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری جہانگیر تریں سے حالیہ دنوں میں کوئی ملاقات نھیں ہوئی۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جہانگیر ترین نے مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی ہے، اگلے ہفتے کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اس ملاقات میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لیں گے،اگر واقعی ایسا ہوگیا تو نہ بزدار رہے گا نہ نیازی ہوگا۔