آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے چینی سفیر نونگ رونگ کی وفد کے ہمراہ ملاقات

Published On 06 April,2021 09:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین، سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو سے چینی سفیر نونگ رونگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے، چینی سفارتخانے کے وفد میں ڈیفنس اتاچی اور قونصل جنرل کراچی سمیت دیگر سفارت کار شامل تھے۔

سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، چینی سفارتکار کے درمیان ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران آصف علی زرداری، بھٹو زرداری اور چینی سفارت کار کے درمیان پاکستان اور چین میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان طویل برادرانہ تعلقات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور پیپلزپارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے دیرینہ تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا سابق صدر کے گوادر بندرگاہ کی چین کو حوالگی کے بعد چینی حکومت کی جانب سے مثالی پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے قیام میں دوطرفہ تعاون اور چین کی حکومت سے اہالیان پاکستان کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے معاملے میں تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا گیا۔
 

Advertisement