اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ عدالت جانیوالے ذاتی حیثیت میں گئے، یہ پارٹی کے لیے نہیں جہانگیر ترین کیلئے گئے ہیں، عمران خان کی نظر میں انصاف سب کیلئے برابر ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی کے پرانے ممبر ہیں، ان کے ساتھ کئی لوگوں کے تعلقات ہیں، ملک ترقی اس وقت کرسکتا ہے جب بلا تفریق احتساب ہو۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو میں شکوے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایک نہیں، 3 ایف آئی آرز درج ہیں، ایک سال سے چپ ہوں، ظلم بڑھتا جا رہا ہے، ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا، میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی، وجہ کیا ہے ؟ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ، کون کر رہا ہے ؟ وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کو بے نقاب کیا جائے، تحریک انصاف میں شامل ہوں اور رہوں گا، میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئی ہیں۔