سرگودھا: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا 50 لاکھ گھروں کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔
سرگودھا میں پرائم منسٹر افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اس وعدے کی تکمیل کی طرف واضح قدم ہے۔
پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کی 146 تحصیلوں میں 133 مقامات پر گھر بنائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں مختلف شہروں کے 32 مقامات میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے 10 ہزار سے زائدگھر بنائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ سرگودھا میں 6 مقامات پر 3,3 مرلے کے 1175 گھر کم آمدن والے لوگوں کے لئے بنائے جائیں گے-
پرائم منسٹر افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریبا 14 لاکھ روپے ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 3 مرلے کا پلاٹ صرف 30 ہزار روپے میں دیا گیا ہے جس کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں میں ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ حکومت پاکستان ہر گھر کیلئے 3 لاکھ روپے سبسڈی اور کم سود پر قرضہ فراہم کرے گی۔ پنجاب بینک ہر گھر کی کنسٹرکشن کیلئے تقریباً 10 لاکھ روپے قرض ماہانہ قسط 10 ہزار روپے فراہم کرے گا۔
بینک آف پنجاب مجموعی طورپر 10ہزار گھروں کے لئے 10ارب روپے فراہم کررہاہے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی کابینہ اس پراجیکٹ کے 32مقامات کیلئے انفراسٹرکچر وغیرہ بنانے کیلئے 3ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے- پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاسنگ پراجیکٹس میں سڑکیں،مسجد ، پلے گرونڈ، سیوریج وغیرہ بھی بنائے جائیں گے اور ان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی-
وزیر اعلی نے مزید بتایا کہ حکومت پھاٹاکوہاسنگ کے دوسرے پراجیکٹ کیلئے ایک ارب روپے فراہم کرچکی ہے- مائیکر وفنانسنگ کرنے والے اداروں کے ذریعے گھر بنانے کیلئے کوئی بھی شہری 10لاکھ روپے قرض حاصل کرسکے گا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنا گھر اپنی چھت وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم بڑھا چکے ہیں، لاکھوں خاندان اپنے گھر کے خواب کی تعبیر دیکھ سکیں گے-