اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ٹی ایل پی پر پابندی کے مسودے کو منظور کرلیا، وفاقی کابینہ کے بھی آج گرین سگنل دینے کا امکان ہے۔ شیخ رشید کہتے ہیں پولیس اہلکاروں کواغوا کر کے مطالبات منوانے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اعظم نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی وزارت داخلہ کی سمری منظوری کر لی، کابینہ کے ارکان بھی چوبیس گھنٹے کے اندر تنظیم کو بین کرنے کی منظوری دیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا" دنیا کامران خان کے ساتھ میں" گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی سفارش پر معاملہ وفاقی کابینہ میں بھیج دیا، کبھی بھی تحریک لبیک کے ساتھ نہیں تھا۔
ٹی ایل پی (تحریک لبیک) کی پرتشدد کارروائیوں میں 2 اہلکار شہید، 580 زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، ٹی ایل پی کے 2 ہزار 63 ارکان کو گرفتار کیا گیا، 115 ایف آئی آر کاٹی گئیں۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، صوابی اور چارسدہ سے 321 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، آزاد کشمیر میں 21 پولیس اہلکار زخمی اور 96 کارکن گرفتار کئے گئے۔ لاہور میں زخمی پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد 125 ہو گئی۔ ایک درجن سے زائد انٹی رائیٹ اہلکاروں کے سامان کو بھی آگ لگائی گئی۔
لاہور میں رات گئے آپریشن کیا گیا۔ شنگھائی پل فیروز پور روڈ کو مظاہرین سے کلیئر کرا لیا گیا، پولیس اور رینجرز نے چونگی امرسدھو کو بھی ٹریفک کیلئے بحال کردیا۔