لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا، موجودہ حالات میں بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی، انہیں صورتحال کا ادراک کرنا چاہیے تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے جہانگیر ترین گروپ کے فعال رہنما صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ملاقات کی۔ ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں صوبائی وزیر سردار آصف نکئی بھی شریک ہوئے۔ باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھا ہے، اپوزیشن کی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن کو بچانا ہے، ان کا تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں، اپوزیشن کو چھوٹی سوچ سے نکل کر وسیع تر قومی مفاد کا خیال رکھنا چاہیے، پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنا قطعی طور پر حب الوطنی نہیں۔