مریم نواز لندن جانے کے لئے بیتاب ہیں، معاون خصوصی علی نواز اعوان

Published On 25 April,2021 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آنے کے لئے بے چین نہیں بلکہ مریم نواز لندن جانے کے لئے بیتاب ہیں۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا میڈیا سیل جتنے مرضی گروپ فوٹو جاری کر لے اس سے حقیقت چھپ نہیں سکتی کہ مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کا عمل اب اپنے آخری مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا یہ کہنا مضحکہ خیز ہے کہ اگر انہیں پلیٹ میں رکھ کر بھی پاسپورٹ اور ٹکٹ دیا جائے تو وہ بیرون ملک نہیں جائیں گی حالانکہ یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم کی تحریک صرف اسی ایک نقطے پر شروع کی تھی کہ مریم نواز کو ملک سے باہر جانے دیا جائے لیکن اس کوشش میں اسے ناکامی ہوئی-

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منفی بیانیہ ان کے گلے کا طوق بن گیا ہے اور ان کے اپنے لوگ اس بیانیے کے ساتھ عام انتخابات میں حصہ لینے کےلئے تیار نہیں اور خاموش ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے پاس سڑکوں پر آںے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا، مریم نواز کے بیانات محض فیس سیونگ کے سوا کچھ نہیں ہیں۔
 

Advertisement