پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

Published On 27 April,2021 11:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ چالیس سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ 98 ہزار سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز کو پہلی ڈوز جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔

انہوں نے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ چار لاکھ 95 ہزار سے زائد بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین کی پہلی جبکہ ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 500 سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔