نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکا میں مویشیوں سے انسان کو برڈ فلو لگنے کا پہلا کیس سامنے آگیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک مقامی ڈیری فارمر کو برڈ فلو کا یہ وائرس اپنی ہی گائے سے منتقل ہوا، یہ کیس جلد ہی پکڑا گیا اور سانس کی تکلیف شروع ہونے سے پہلے ہی مریض کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ انسان سے انسان کو برڈ فلو لگنے کا امکان فی الحال بہت ہی کم ہے تاہم پریشانی کی بات یہ ہے کہ امریکا میں پولٹری سے لائیو سٹاک تک برڈ فلو پھیلنے کا بھی یہ پہلا کیس ہے۔
دنیا میں برڈ فلو کی حالیہ وبا 2020 میں پھوٹی تھی، تب سے یہ وائرس صرف پولٹری اور جنگلی جانوروں میں پایا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پرندوں سے انسانوں کو لگنے والے برڈ فلو کے بہت کم کیسز دنیا میں سامنے آئے ہیں لیکن وہ انتہائی مہلک ثابت ہوئے ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اِس وائرس کا پرندوں سے دودھ پلانے والے جانوروں تک پھیلنا ہی بہت تشویش ناک ہے، برڈ فلو گائے سے انسان میں منتقل ہوسکتا ہے تو اِس کی دوا کی تیاری کیلئے فوری اور بہت زیادہ تحقیق کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔