اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 249 کے حتمی نتائج روکنے کا حکم دے دیا۔ ای سی پی نے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔
الیکشن کمیشن 4 مئی کو لیگی رہنما کی درخواست سنے گا، تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر سے این اے 249 میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔
قبل ازیں نون لیگ نے این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کا انتخاب ڈسکہ سے بھی زیادہ متنازعہ بن چکا، سو سے زائد فارم 45 پر دستخط ہی نہیں، آر او سے ڈیٹا مانگا تو انہوں نے درخواست مسترد کر دی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کے روز آر او کے پاس گئے، آر او نے کہا میرے پاس تفصیلات نہیں ہیں، ہمیں فارم 45 کا ریکارڈ نہیں دیا گیا، 6 گھنٹے گزرنے کے باوجود کئی پولنگ سٹیشنز کے رزلٹ نہیں آئے تھے۔
لیگی رہنما نے مزید کہ الیکشن شفاف نہ رکھا جائے تو سوال کھڑے ہوتے ہیں، 100 سے زائد فارم 45 پر دستخط ہی نہیں ہیں، ہمارے پاس جو ڈیٹا آیا ہے اس میں ووٹ زیادہ ہیں، نتائج میں بے ضابطگیاں ہیں، دوبارہ گنتی کے علاوہ حل نہیں۔