خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے زمین اور جائیداد کی رجسٹریوں کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کردیے، بورڈ آف ریونیو نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پنجاب بھر میں زمین اور جائیداد کی رجسٹریوں کے نظام میں تبدیلی کردی گئی ہے، جس کے تحت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اب جائیداد کی رجسٹریاں کرنے کے مجاز ہوں گے۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی دفعہ 6 کے تحت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کردیے ہیں، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ زمین اور جائیداد کی تمام رجسٹریاں صرف پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ای رجسٹریشن نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔
حکومت نے رجسٹریشن کے اختیارات حاصل کرنے والے افسران کی نگرانی کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن افسران کی نگرانی اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس یقینی بنائیں۔
بورڈ آف ریونیو نے اس فیصلے سے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے، اس فیصلے کے تحت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو جائیداد کی رجسٹریشن کے معاملات نمٹانے کے اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔