اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کی پوری آبادی کو جلد از جلد رجسٹر کیا جائے، بیرون ملک پاکستانیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اس سلسلہ میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نادرا امور کے حوالے اپنے زیر صدارت اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت نادرا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چئیرمین نادرا کی طرف سے اوور سیز پاکستانیوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے قائمقام چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، پاکستان کی پوری آبادی کو جلد از جلد رجسٹر کیا جائے، سروسز کی فراہمی میں کوئی غفلت یا کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق نادرا اور پاسپورٹ عملے کو سہولیات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ای ویزہ کی طرز پر آن لائن سہولیات کو مزید فروغ دیا جائے ، بیرون ملک سفارت خانوں میں عملے سروسز سے متعلق تربیت دی جائے۔ نادرا کی طرف سے وراثت نامے کی دستاویز جاری کرنے کی سہولت کو مزید وسعت دی جائے گی، دائرہ کار پورے پاکستان تک بڑھانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر نادرا سینٹرز کے قیام کو رواں سال یقینی بنایا جائے۔ قائم مقام چئیرمین نادرا نے کہا کہ روزانہ ایک لاکھ شناختی کارڈ جاری کر رہے ہیں۔ احساس پروگرام اور کورونا ویکسینیشن میں معاونت کر رہے ہیں، ملک کی 70 فیصد آبادی کو رجسٹرڈ کر چکے ہیں، باقی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔