لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کو باہر جانے سے روکنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان ایئر پورٹ حکام کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک سفر سے روکنے کی شدید مذمت کرتا ہے، محکمہ سول ایوی ایشن، وزارت داخلہ اور وفاقی حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے، شہباز شریف کو عدالت نے بیرون ملک سفر کی اجازت دی، ایئر پورٹ حکام نے سسٹم اپ ڈیٹ نہ ہونے کا جھوٹ بولا۔
یاد رہے شہباز شریف بیرون ملک روانہ نہ ہوسکے۔ایف آئی اے نے لیگی رہنما کو قطر روانگی سے روک دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لاہور ائیرپورٹ پر تکرار کے باوجود فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا گیا۔ غیر ملکی ائیر لائن نے پرواز میں سوار نہ کرنے سے متعلق لیٹر جاری کر دیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو علاج کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی تھی۔