مکہ مکرمہ : (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا آج مکہ مکرمہ جانے کا پروگرام ہے جہاں عمرہ ادا کریں گے۔ عمران خان جدہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر گئے ہوئے ہیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ آمد کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے کے لیے مدینہ منورہ پہنچے تو خاتون اوّل بھی ہمراہ تھیں، مدینہ منورہ میں ان کا استقبال گورنر مدینہ منورہ امیر فیصل بن سلیمان بن عبد العزیز نے کیا۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعے کی شب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قصر السلام جدہ کے ایوان شاہی میں مذاکرات کیے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے موضوع پر بات چیت کی۔ سعودی پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے معاہدے پر دستخط کیے۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے سعودی ولی عہد اورعمران خان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس میں سزایافتگان کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ، انسداد جرائم کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔
ان دونوں معاہدوں پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دستخط کیے۔ انسداد منشیات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر مملکت کی جانب سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے ہیں۔
توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، پانی اور مواصلات کے شعبوں میں منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر سیاحت و سربراہ سعودی ترقیاتی فنڈ احمد الخطیب اور پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے۔