اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین کے سفیر نونگ رونگ کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہماری خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ دوستی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے ہر دکھ سکھ کے دوست ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت مین ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، چین پاکستان کے ساتھ متفرق شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی صدا بہار دوستی پر فخر ہے، پاکستان اور چین کے مابین مفرد نوعیت کے دوستانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں، چین اور پاکستان علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں، دونوں دوست ممالک نے ہمیشہ علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دوست ملک چین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کا اقدام پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں، پارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، ان سیمیناروں میں سی پیک سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے سی پیک کی افادیت میں گراں قدر اضافہ ہو گا، رشکئی اکنامک زون سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا، رشکئی اکنامک زون منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، پاکستان کورونا وباء کی روک تھام کے لیے ویکسین کی بروقت فراہمی پر دوست ملک چین کا شکر گزار ہے۔