لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ 21 مئی کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہونگے۔
سراج الحق نے قوم سے فلسطینوں کے حق کے لیے ہونے والے احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی، یورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو جانا چاہیے۔ مسلم حکمران کو بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک غزہ کے شہریوں کی جان ومال عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔ سراج الحق 21 مئی کو اسلام آباد میں بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے۔