اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بربریت کیخلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ ن نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ معصوم بچوں، خواتین سمیت فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی بربریت میں سینکڑوں نہتے فلسطینی شہید، ہزاروں زخمی اور بے گھر ہوئے، اسرائیلی بربریت اور جارحیت سے پاکستان سمیت مسلم دنیا شدید دکھ میں ہے، اسرائیل کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی پر تشویش ہے۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کرتا ہے، اسلامی تعاون تنظیم، عالمی برادری فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف موثر اقدامات کرے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں غزہ میں انسانی حقوق کی کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔