کراچی: (دنیا نیوز) انسداد کورونا ٹاسک فورس سندھ نے موجودہ بندش برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیسز کی شرح کے بعد نرمی یا مزید سختی کا فیصلہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدات صوبائی کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کور فائیو، رینجرز اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صوبائی ٹاسک فورس نے موجودہ بندش کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ہفتے کو دوبارہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے بھی ہفتے کے اجلاس میں اپنی سفارشات دینگے۔ وزیراعلی نے ٹاسک فورس ارکان سے مزید اقدامات کیلئے سفارشات طلب کر لیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ عید کے بعد 19 مئی کو 2 ہزار کیسز سامنے آئے جو 10.2 فیصد ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ میں کیسز بڑھ رہے ہیں، گزشتہ روز 20 ہزار 421 ریکارڈ ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 2 ہزار 76 کیسز آئے، جو 10.2 فیصد ہے، کراچی میں 16.82 فیصد کیسز آئے ہیں، عید الفطر 13 مئی کو صوبے میں ایک ہزار 232 کیسز تھے۔
مرادعلی شاہ نے مزید کہا کہ ہمیں صوبے میں نرمی کرنا مشکل ہوتا ہوا لگ رہا ہے۔ ٹاسک فورس اراکین اور ماہرین نے وزیراعلیٰ سندھ کو موجودہ بندش کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہو سکے تو مزید سخت فیصلے کریں۔