کسی کیخلاف انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: وزیراعلیٰ پنجاب کا دوٹوک مؤقف

Published On 20 May,2021 12:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ارکان اسمبلی کی مشاورت سے حکومتی امور کے اہم فیصلے کیے جاتے ہیں۔

ترین گروپ کی سرگرمیوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب بھی متحرک ہوگئے۔ عثمان بزدار نے دو روزمیں 50 سے زائد ارکان سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے انتقامی کارروائیوں کے الزام کو مستر د کر دیا۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ارکان اسمبلی کو ساتھ لیکر چلا ہوں، ہر شہر کو ترقیاتی پیکیج دے رہے ہیں۔

ترین گروپ کے فیصل حیات، عمر تنویر بٹ، غضنفر عباس چھینہ نے ساتھیوں کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیراعلی نے صبح دس سے گیارہ بجے تک کا وقت ارکان اسمبلی کے لئے مقرر کردیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں عدم مساوات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملازمین کو اچھی خبر دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت تنخواہوں میں عدم مساوات ختم کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ڈی آر اے کمیٹی نے سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ ملازمین کی ضرورت ہے، سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا احساس ہے، چھوٹے سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، تنخواہوں میں عدم مساوات سے ملازمین کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، حسین جہانیاں گردیزی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
 

Advertisement