کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ اورتربت میں ایف سی پر دہشت گردوں کے حملوں میں4 جوان شہید، 8 زخمی ہو گئے، جوابی فائرنگ میں پانچ دہشت گرد مارے گئے اور 8 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے قریب پیر اسماعیل زیارت میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، ایف سی اہلکاروں اوردہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ آٹھ زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر مامور چار جوان شہید اورچھ زخمی ہوئے۔
دوسرے حملے میں تربت میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ریاست مخالف عناصربزدلانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، ملک دشمن امن اوربلوچستان کی خوشحالی کونقصان نہیں پہنچاسکتے، فورسزجانوں کانذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم ارادوں کوناکام بناتی رہیں گی۔