اگر ہم اڈے دینے کیلئے تیار ہو جائیں تو آج ہی جوبائیڈن کا فون آ جائے گا، معید یوسف

Published On 28 June,2021 10:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے فون کرکے ڈو مور کہنا ہے تو نہ کریں، اگر ہم اڈے دینے کیلئے تیار ہو جائیں تو آج ہی جوبائیڈن کا فون آ جائے گا۔

یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’ دنیا کامران خان کیساتھ ‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹڑ معید یوسف نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے افغان مسئلے کا سیاسی حل نکلے کیونکہ خانہ جنگی سے کوئی نہیں جیتے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے پاکستان سے متعلق غیر مناسب رویہ اپنایا ہے۔ امریکا نے کوئی ڈیڈ لائن ہم سے پوچھ کر نہیں دی۔ ہم امریکا اور افغانستان کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں اور مثبت بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا فیصلہ افغان فریقین کو کرنا ہے۔ ہم مزید افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔ افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل جاری ہے۔ کوشش ہے افغانستان میں معاملات مزید خراب نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اجلاس کا ایجنڈا صرف خطے کی صورتحال ہے۔
 

Advertisement