لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دربدر بھٹکتی ٹوٹی پھوٹی پی ڈی ایم گھسے پٹے بیانیے کے ساتھ پھر سے پتلی تماشا کر رہی ہے، اقتدار کا حلوہ فضل الرحمن، شوباز شریف اور پی ڈی ایم چمچوں کو میسر نہ ہوگا۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے مسترد شدہ کردار اپنی دم توڑتی انتشارانہ سیاست سے خود خوفزدہ ہیں، پٹے ہوئے کرداروں پر مبنی راہزنوں کی پی ڈی ایم کہانی اب مزید نہ چلے گی، فلاپ پی ڈی ایم فلم کو سکرینز پر زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ فسادی مولانا کی قیادت میں عبرتناک رسوائی سے کرپٹ ٹولے نے کچھ نہ سیکھا، دوسری قسط میں پہلے سے زیادہ ہزیمت ڈکیت گینگ کا مقدر بنے گی، پیپلزپارٹی اور اے این پی سمندر برد ہوتی پی ڈی ایم کشتی سے چھلانگ لگا چکی۔